اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد، سپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی روم میں مسلم لیگ ن کے اجلاس کی صدارت کرنے سے روک دیا۔ نواز اور شہباز شریف کی راہداریوں میں چلتے چلتے بات چیت ہوئی، اپوزیشن لیڈر چیمبر میں مشاورتی اجلاس کیا گیا۔
نواز شریف پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں بھائی چلتے چلتے سرگوشیوں میں بات کرتے رہے، زیادہ تر بات نواز شریف نے کی، شہباز شریف سنتے رہے۔ اپوزیشن لیڈر چیمبر میں بھی دونوں نے ون آن آن ملاقات کی اور اس کے بعد نواز شریف کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔ ن لیگی قیادت نے عدالتی فیصلہ حق میں آنے پر خاموشی اور نواز شریف کیخلاف فیصلہ آنے پر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے پراتفاق کیا۔
قومی اسمبلی ذرائع کے مطابق سپیکر نے مسلم لیگ ن کو کمیٹی روم نمبر دو میں اس لئے اجلاس کی اجازت نہیں دی کیونکہ نواز شریف ضمانت پر اور شہباز شریف نیب مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، دونوں بھایئوں کو پارلیمنٹ کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کیا اجازت نہیں دی جا سکتی۔