دبئی: (دنیا نیوز) یو اے ای حکومت پاکستان کی مالی معاونت کی خاطر 3 ارب ڈالر فراہم کر رہی ہے، عالمی جریدے بلوم برگ کے مطابق جلدی ہی رقم سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرا دی جائے گی۔
عالمی جریدے بلوم برگ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت پاکستان کی معالی معاونت کی خاطر 3 ارب ڈالر فراہم کر رہی ہے، ابوظہبی فنڈ ڈویلپمنٹ جلد ہی یہ رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرا دے گا، رقم کی منتقلی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ ابوظہبی فنڈ ڈویلپمنٹ کے تعاون سے پاکستان میں تعیلم، صحت اور توانائی جیسے ترقیاتی منصوبوں پر سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کو لگ بھگ 12 ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا ہے، جس میں سے سعودیہ عرب 2 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں منتقل کرچکا ہے جبکہ مزید 1 ارب ڈالر چند روز میں وصول ہونے کا امکان ہے، اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور چین سے بھی رقم ملنے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے ساتھ ساتھ ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے میں آئے گا۔
آزمائش کی گھڑی میں نہایت فراخدلی سے پاکستان کا ساتھ دینے پر میں متحدہ عرب امارات کی حکومت کا مشکور ہوں۔ اماراتی حکومت کا تعاون ہماری دوستی اور دہائیوں پر محیط تعلقات کا عکاس ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 21, 2018
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، یو اے ای کا تعاون پاکستان کے ساتھ دوستی اور خلوص کو ظاہر کرتی ہے، یو اے ای حکومت پاکستان کی مالی معاونت کی خاطر 3 ارب ڈالر فراہم کر رہی ہے۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پر نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی تھی۔ اعلامیے میں کہا گیا دونوں ملکوں میں دو طرفہ تعلقات کو طویل مدت سٹرٹیجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے ابوظہبی کے ولی عہد سے تجارت کے فروغ، دو طرفہ تعلقات میں اضافے، علاقائی اور عالمی امور سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی۔ یو اے ای کے نائب صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے وزیراعظم عمران خان کی دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کی۔