ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد کرپشن بچانے کی کوشش ہے، پرویز خٹک

Last Updated On 22 December,2018 06:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا مبینہ اتحاد کرپشن بچانے کی ناکام کوشش ہے، خواجہ سعد رفیق کے دل میں آصف زرداری کی محبت اس لیے جاگی ہے کہ وہ ڈوب رہے ہیں اور سہارا تنکے کا لے رہے ہیں۔ وزیر دفاع نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو بدترین آمریت قرار دے دیا۔

تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چوہدری سے انکے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا اتحاد کرپشن بچانے کی ناکام کوشش ہے، دونوں جماعتوں نے ملک کو لوٹا ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو راستہ ایک نظر آ رہا ہے اس لیے ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر دفاع مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف خوب برسے اور بولے کہ ہندوستان جو کچھ کر رہا ہے یہ جمہوریت نہیں بلکہ آمریت ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مخالفین کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔