لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت کے سو روز مکمل ہونے پر ایوان اقبال لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعظم پاکستان بھی شریک ہوئے، تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یکم جولائی 2019ء سے جنوبی پنجاب کے لئے الگ سیکرٹریٹ کام شروع کر دے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں، پنجاب کے لوگوں کی توقعات سے بڑھ کر کام کریں گے، صوبے کو درست منزل کی طرف گامزن کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
عثمان بزدار نے حکومت پنجاب کی 100روزہ کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو انتظامی بنیادوں پر صوبہ بنانے کے لیے ایگزیکٹو کونسل قائم کی جا چکی ہے، پہلے مرحلے میں سیکریٹریٹ یکم جنوری سے کام شروع کرے گا، صوبے میں چار ٹیکنکل یونیورسٹیاں بنائی جارہی ہے جبکہ 8 اسپیشل اکنامک زون بھی قائم کیے جائیں گے، نئی لیبر پالیسی 2018 متعارف کرا رہے ہیں۔
عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤسنگ اپنا گھر اسکیم کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں، پنجاب میں نئی ایگری کلچرپالیسی تشکیل پاچکی ہے، لایئواسٹاک کے شعبے میں نئی پالیسی لائی جا رہی ہے، پنجاب میں پہلی بار ماسٹر واٹر پلان ترتیب دیا جا رہا ہے۔
عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں چھوٹے ڈیمز پر آبی ذخائر بنائے جائیں گے، یکم جنوری سے چار اضلاع میں صحت کارڈ پروگرام شروع کیا جارہا ہے پانچ مدراینڈ چائلڈ کیئراسپتال بنائے جائیں گے، پنجاب میں نئی ایجوکیشن پالیسی متعارف کرائی جاچکی ہے، شہروں ،دیہات کے لیے صاف پانی پراجیکٹ کے لیے الگ اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے، پہلے سو دنوں میں سوا کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں،عوام کے شکایات کے ازالے کے لیے چیف منسٹرشکایات سیل قائم کردیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے 100روز مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب میں وزیراعظم عمران خان بھی شریک تھے۔