لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کے بلدیاتی نمائندوں کی 13وکٹیں اڑا دیں، وزیراعظم عمران خان سے 13 اضلاع کے بلدیاتی اداروں کے چیئرمینوں نے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں بلدیاتی نمائندوں نے لاہور ایئرپورٹ لاؤنج میں ملاقات کی جس میں صوبائی وزیر بلدیات عبدالعلیم خان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر کے مطابق پنجاب کے 13 ضلعی کونسل کے سربراہوں نے (ن) لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ ن لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں میں چیئرمین وہاڑی پیرغلام محی الدین، بہاولنگر کے قلندر حسین، بھکر کے احمدنواز نوانی اور بہاولپور کے دلشادقریشی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چنیوٹ کے چیئرمین محمد ثقلین، فیصل آباد کے چوہدری زاہد نذیر، جھنگ کے نواب بابر سیال، خانیوال کے محمد رضا اور مظفرگڑھ کے عمرگوپانگ بھی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
عبدالعلیم خان کا مزید بتایا کہ اوکاڑہ کے ملک علی قادر، پاکپتن کے میاں اسلم سکھیرا اور خوشاب کے امیر حیدر بھی پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں۔