لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا پنجاب حکومت کے 100 روز مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا قومی اسمبلی میں اس وقت ڈرامہ ہو رہا ہے ، کرپٹ لوگوں کو جیل میں نہ ڈالا تو ملک کا مستقبل خطرے میں پڑجائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ماضی میں چارٹر آف ڈیموکریسی کے نام پر ڈرامہ کیا گیا، یہ نہیں ہو سکتا کہ جمہوریت کے نام پر کرپشن پر سمجھوتہ کر لیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ اپنی پارٹی لیڈر شپ کو ہدایت کی ہےکہ اپوزیشن کی ہر بات مان لیں لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم احتساب سے پیچھے ہٹ جائیں۔ اپوزیشن انتقامی کارروائی کا الزام لگا رہی ہے، حکومت کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کر رہی، ایف آئی اے نے جعلی اکاؤنٹس پکڑے تو اسمبلی میں بھی شور مچ گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کا فنڈ دیگر شہروں پر خرچ کر دیا گیا، سابق حکومت نے صوبے کا آدھا بجٹ لاہور پر لگا دیا، باہر جانے والے حکمران ملک سے کیسے مخلص ہونگے؟
وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ 160 ارب کی سرکاری زمین واگزار کرائی گئی، عوام کی زمینیوں پر قبضے میں بڑے بڑے مافیا ملوث ہے، اسلام آباد میں ساڑھے تین سو ارب روپے کی اراضی قبضہ مافیا سے چھڑا لی گئی ہے، ترقی کے لئے کرپشن سے چھٹکارا پانا ہو گا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ریفارمز بہت اہم ہے، پولیس میں سیاسی مداخلت سے بہت نقصان ہوا، پنجاب میں خاص طور پر پولیس کو سیاسی مداخلت سے نکالنا مشکل کام ہے، پنجاب میں پولیس کوسیاسی مداخلت سے پاک کریں گے،اصلاحات لا کر پولیس کو سیاست سے پاک کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا مرغیوں، انڈوں کی دوبارہ بات نہیں کروں گا، ہم چھوٹے چھوٹے کسانوں کی مدد کرنی ہے، میری باری مرغی، انڈوں کےبارے میں بڑا شور مچایا گیا لیکن جب بل گیٹس نے بات کی توتالیاں بجائی گئیں۔
اس سے قبل عثمان بزدار نے حکومت پنجاب کی 100روزہ کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو انتظامی بنیادوں پر صوبہ بنانے کے لیے ایگزیکٹو کونسل قائم کی جا چکی ہے، پہلے مرحلے میں سیکریٹریٹ یکم جنوری سے کام شروع کرے گا، صوبے میں چار ٹیکنکل یونیورسٹیاں بنائی جارہی ہے جبکہ 8 اسپیشل اکنامک زون بھی قائم کیے جائیں گے، نئی لیبر پالیسی 2018 متعارف کرا رہے ہیں۔
عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤسنگ اپنا گھر اسکیم کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں، پنجاب میں نئی ایگری کلچرپالیسی تشکیل پاچکی ہے، لایئواسٹاک کے شعبے میں نئی پالیسی لائی جا رہی ہے، پنجاب میں پہلی بار ماسٹر واٹر پلان ترتیب دیا جا رہا ہے۔
عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں چھوٹے ڈیمز پر آبی ذخائر بنائے جائیں گے، یکم جنوری سے چار اضلاع میں صحت کارڈ پروگرام شروع کیا جارہا ہے پانچ مدراینڈ چائلڈ کیئراسپتال بنائے جائیں گے، پنجاب میں نئی ایجوکیشن پالیسی متعارف کرائی جاچکی ہے، شہروں ،دیہات کے لیے صاف پانی پراجیکٹ کے لیے الگ اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے، پہلے سو دنوں میں سوا کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں،عوام کے شکایات کے ازالے کے لیے چیف منسٹرشکایات سیل قائم کردیا گیا ہے۔