بابائے قوم محمد علی جناح کا 143 واں یوم پیدائش، مزار پر گارڈز کی تبدیلی

Last Updated On 25 December,2018 02:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امت کے پاسبان محمد علی جناح کا 143 واں یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ کراچی میں مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب ہوئی، پی ایم اے کاکول کے کیڈٹس نے گارڈ کے فرائض سنبھال لئے، میجرجنرل اختر نوازستی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب ہوئی، اعزازی گارڈز نے مہمان خصوصی کی آمد پر سلامی پیش کی، قومی ترانے کی دھن بجائی گئی، مہمان خصوصی میجر جنرل اختر نواز ستی نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے بابائے قوم کو جنرل سلیوٹ پیش کیا۔

پی ایم اے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے، اس موقع پر فوجی بینڈ نے مسحور کن دھن بجائی، میجر جنرل اختر نواز ستی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ پی ایم اے کیڈٹس کے چارج سنبھالنے سے پہلے پاک فضائیہ کے کیڈٹس گارڈ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

محمد علی جناح سے قائد بنے تو مسلمانان برصغیر کے لئے نیا ملک بنا دیا۔ بانی پاکستان نے خطے کو انگریز کے جبر اور ہندوؤں کے تعصب سے پاک کرنے کے لئے ارض پاکستان کا مقدمہ جیتا۔ آپ نے ہندوستان کے مسلمانوں کو نئی پہچان دی، پھر اسی پاک سرزمین کو پاکستان کا نام ملنے کے بعد خود بانی پاکستان کہلائے۔

محمد علی جناح 25 دسمبر 1876ء کو پیدا ہوئے۔ وکالت کے بعد انڈین نیشنل کانگریس جوائن کی لیکن مسلمانوں کی حق تلفی کو بھانپ پر ان کے حق لینے کے لئے میدان میں آ گئے۔

1913ء میں مسلمانوں کی نمائندہ واحد جماعت آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور یہاں سے علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کر دیا۔ آزادی کے بعد قائداعظم 11 ستمبر 1948ء کو خود تو انتقال کر گئے مگر ایک ابھرتی ہوئی قوم کو دنیا میں اپنا نام اور مقام بنانے کی ہمت، جستجو اور حوصلہ دے گئے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم معاشرہ سے انتہا پسندی، دہشت گردی اور بدعنوانی کی لعنتوں سے نجات کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے اور اس عزم کی تجدید کی جائے کہ ہم قائداعظم کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کی خدمت کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر انتھک محنت کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے ملک کو فلاحی ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے لئے ان کے وژن اتحاد، ایمان اور تنظیم کے رہنما اصولوں پر انفرادی اور اجتماعی طور پر عمل کریں۔

مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے اپنے پیغامات میں کہا کہ بانی پاکستان کے اسلامی فلاحی مملکت کے خواب کو عملی جامہ پہنانا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔
 

Advertisement