اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں دھند آج بھی چھائی رہی، حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے موٹروے اور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثرہوئی، دھند کے باعث ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں دھند کے ڈیرے، حد نگاہ انتہائی کم، موٹر وے اور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، ریل گاڑیوں اور پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر رہا، مسافروں کو پریشانی سے دو چار ہونا پڑا، لاہور ائیر پورٹ پر بھی دھند کے باعث متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار رہیں۔
ملتان، فیصل آباد، ساہیوال، لودھراں، بہاولپور، ہارون آباد اور گردونواح میں شدید دھند نے گاڑیوں کو رینگ رینگ کر چلنے پر مجبور کیا۔ ملک میں سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 10، کالام منفی 7، استور منفی 6، قلات منفی 5، کوئٹہ منفی 4 اور مری میں منفی ایک رہا۔ جبکہ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت ایک، لاہور 2، پشاور ایک اور کراچی میں 12 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے شمالی علاقوں میں شدید سردی جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، بالائی اور میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔