لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار ہے، بائی پاس پر دھند کے باعث 8 گاڑیاں ٹکرا گئیں، حادثے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق، بائی پاس پر دھند کے باعث 8 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے کے نتیجے میں 3 بچیوں سمیت 4 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ ہسپتال حکام کا کہنا ہے کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، حادثے میں جاں بحق بچیوں کا تعلق چیچہ وطنی سے بتایا جاتا ہے۔
دھند کے باعث اندرون اور بیرون ممالک جانے، آنے والی پروازیں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا، قومی شاہراہ پر پتوکی، حبیبِ آباد، رینالہ، اوکاڑہ اور ساہیوال میں حد نگاہ صفر سے 50 میٹر رہی۔ ایم فور پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ شدید دھند کی وجہ سے بند رہی، شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ون، پشاور سے رشکئی تک بند کر دی گئی۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے دوران سفر گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آئندہ ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں، ملک میں گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 13، قلات منفی 11 کالام اور استور منفی 08، گلگت منفی 06، کوئٹہ، راولاکوٹ منفی07، مالم جبہ، دیر، بگروٹ منفی 04، ہنزہ، چترال منفی 03، مری منفی 03 اسلام آباد منفی1، لاہور 02 جبکہ کراچی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔