لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی بڑھ گئی، مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا، سیاح بڑی تعداد میں امڈ آئے، اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی آج بادل برسنے کا امکان ہے۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی، لاہور وزیرآباد، شیخوپورہ اور سانگلہ ہل میں بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ پھالیہ، بھلوال، چنیوٹ مرید کے، گجرات اور گردونواح میں بارش سے خنکی بڑھ گئی۔
ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، منچلے موسم انجوائے کرنے پہنچ گئے، جس سے سڑکوں پر گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں، سکردو، ناران، شوگران میں برفباری سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، شگر میں ایک فٹ تک برف پڑی، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی کہیں کہیں بارش ہوئی اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سردی میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی رات سے اتوار (صبح) کے دوران مری، گلیات، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔ جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔