لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، ملکہ کوہسارمری میں برفباری نے وادی کا حسن دوبالا کر دیا۔
ایک دن کے وقفے کے بعد پھر رم جھم، بادلوں کے ڈیرے، موسم ہوا سہانا جس سے سردی بھی بڑھ گئی۔ لاہور میں رات سے شروع ہونے والا بادل برسنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے صبح تک جاری رہا، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، شہر کو سرمئی بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا کے جھونکے بھی موسم کو حسین بنا رہے ہیں، شہری موسم کی تبدیلی پر خوش ہیں۔
ظفروال سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی رم جھم ہوئی جس سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔ دوسری طرف ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا آغاز ہو گیا، سیاحوں کی بڑی تعداد امڈ آئی، بھیگے دسمبر میں پہاڑی علاقے کی دل کھول کر سیر کی۔ لوگ اپنی فیملیز کے ساتھ موسم کو انجوائے کرنے مال روڈ پر پہنچے، منچلوں نے بھی خوب بھنگڑے ڈالے۔
پہاڑوں پر برفباری کے بعد حسین نظارے ہیں، سیاح موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے برف پوش وادیوں کا رخ کر رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔