لاہور: (دنیا نیوز) کراچی میں ہلکی بارش نے خنکی بڑھا دی، کئی علاقوں میں بجلی بھی بند ہو گئی۔ پنجاب، کے پی اور بلوچستان کے کئی شہروں میں بھی بادل برسے، پہاڑوں پر برفباری نے نظارے بھی دلکش بنا دئیے۔
مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم نے کام دکھا دیا۔ کراچی میں کہیں ہلکی ،،کہیں تیز بارش نے خنکی بڑھا دی۔ خشک سردی اڑن چھو ہونے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ ہلکی سی بارش سے ہی کے ای ایس سی کا سسٹم جواب دے گیا، بجلی بند ہونے سے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
دوسری جانب سرگودھا، بھلوال، بھکر، دریا خان، کروڑ لعل عیسن، جھنگ، چنیوٹ، جہلم، بھیرہ اور منڈی بہاء الدین میں بھی بارش سے سردی بڑھ گئی۔ اسے کے علاوہ پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، لوئر دیر، قلعہ سیف اللہ اور ژوب میں بھی سرمئی بادل خوب برسے۔
وادی کاغان کے سیاحتی مقام جھیل سیف الملوک اور لیک بابو سر ٹاپ پر برفباری نے خوب رنگ جمایا، آسمان سے گرتے روئی کے گالوں نے ٹھنڈ مزید بڑھا دی۔
موسم کا حال بتانے والوں نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی، جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔