لاہور: (دنیا نیوز) سردی کی دستک سنائی دینے لگی، اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رم جھم سے خنکی بڑھ گئی، بارش کے باعث سموگ کی شدت میں کمی آگئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے خنکی بڑھ گئی، شہر میں بارش کے باعث سموگ کی شدت میں کمی آگئی، چینوٹ، گوجرانوالہ، مرید کے، شیخوپورہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے، دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ژالہ باری ہوئی، مری میں موسلادھار بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔
وادی کاغان میں بھی برف باری نے سردی کی شدت بڑھا دی، راستوں کی بندش کے باعث سیاح پھنس گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسکر دو میں سب سے کم درجہ حرارت منفی تین ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور سرگودھا ڈویژن میں بارش متوقع ہے۔ ڈی آئی خان، پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، کوہاٹ ڈویژن میں بھی بارش کا امکان ہے۔ پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔