لاہور: (دنیا نیوز) موسم سرما نے دستک دیدی، لاہور اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے جس سے خنکی بڑھ گئی۔
نارووال میں آٹھ گھنٹے مسلسل بارش ہوئی، نالہ ڈیک میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دو روز تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بھارت سے داخل ہونیوالے بارش کے سسٹم نے کام دکھانا شروع کر دیا، پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش، لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے جس سے خنکی بڑھ گئی۔
شہر میں وقفے وقفے سے رم جھم کا سلسلہ جاری ہے، موسم میں تبدیلی نے شہریوں کا موڈ بھی خوشگوار بنا دیا۔
سیالکوٹ میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ نارووال میں آٹھ گھنٹے مسلسل بارش ہوئی، ظفروال میں نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی جس سے سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا۔ نالہ ڈیک میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی۔
الرٹ جاری ہونے کے بعد لوگوں نے محفوظ مقام پر منتقل ہونا شروع کر دیا۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بادل برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔