اسلام آباد: (دنیا نیوز) راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی مینہ برستا رہا، مگر شہر کے بڑے حصے کی بجلی کئی گھنٹے غائب رہی۔
آسمان سے ٹپ ٹپ برستی بوندوں نے جڑواں شہروں اور کراچی کا موسم سہانا کر دیا۔ کراچی میں ابر رحمت کی برسات شہریوں کے چہروں پر خوشی لے آئی، مگر کےالیکٹرک کا سسٹم پانی کی چند بوندیں برداشت نہ کرسکا اور پل بھر میں شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بادل جم کر برسے، طوفانی بارش کے باعث کئی تناور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، جڑواں شہروں میں بجلی کا نظام بھی بارش کا بوجھ نہ اٹھا سکا، کئی علاقوں میں رات بھر اندھیرے چھائے رہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹے میں پنجاب، خیبر پختون خوا اور کشمیر کے مختلف مقامات پر بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔