لاہور: بارش نے انتظامیہ کا پول کھول دیا، سڑکیں ڈوب گئیں، سینکڑوں فیڈر ٹرپ

Last Updated On 09 September,2018 05:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ حبس اور گرمی کے خاتمے سے موسم خوشگوار ہو گیا لیکن ساتھ ہی سڑکیں اور گلیاں پانی پانی ہو گئیں، انتطامیہ کے دعوے بھی پانی میں ڈوبے نظر آئے۔

شہر کے اکثر علاقوں میں 30 سے 53 ملی میٹر بارش کی ریکارڈ کی گئی۔ انتطامیہ نے چند گھنٹے میں پانی نکالنے کا دعویٰ کیا لیکن بیشتر علاقوں میں کھڑا پانی ان کے دعوؤں کی قلعی کھولتا رہا۔

گلبرگ، گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، مال روڈ، شالامار اور مناواں میں موسلا دھار بارش سے 60 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک جام کی صورتحال رہی اور شہریوں کو شدید پریشانی اور اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے پیر کو بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔