لاہور:(دنیا نیوز)بلاول بھٹو کا وکلاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، الیکشن 2018 میں مینڈیٹ چرانے والوں کا احتساب کب ہوگا؟ اصغر خان کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔
ذوالفقار علی بھٹو کے یوم پیدائش پر وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں، پیپلزپارٹی آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی، پاکستان بااثرافراد کی اجارہ داری کیلئے نہیں بنایا گیا، الیکشن میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کا احتساب کب ہو گا؟
پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید کا عدالتی قتل پوری قوم اورعدلیہ کے لیے المیہ ہے، جوہری پروگرام کی بنیاد شہید بھٹونے رکھی، شہید بھٹوکے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے، انکا یہ بھی کہنا تھا کہ آج پاکستان کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، احتساب کوانتقامی کارروائیوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جے آئی ٹی ممبران نے رپورٹ کو میڈیا پر لیک کیا، جے آئی ٹی رپورٹ کو لیک کرنا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ میرے ہاتھ صاف ہیں، کوئی کرپشن نہیں کی، کرپشن کا خاتمہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک تمام اداروں کا احتساب نہ ہو، کرپشن کا الزام لگا کر کردار کشی کرنا اچھا عمل نہیں، حکمران سابق حکومتوں پرالزام تراشی کرکے نظام چلا رہے ہیں۔