گڑھی خدا بخش: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم لاڈلے کے پھٹے ڈھولوں سے ڈرنے والے نہیں، اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ یہ حکومت کر سکتے ہیں نہ ملک چلا سکتے ہیں، جمہوری طریقے سے مقابلہ کر کے دوبارہ جیتیں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا بینظیر بھٹو کی برسی تقریب سے جارحانہ خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کیلئے عالمی برادری نے موجودہ حکومت کی بہت مدد کی لیکن اس کے باوجود ان سے ملک نہیں چلایا جا رہا، ان سب کے ڈھول کھلے ہوئے ہیں سوائے ٹی وی پر بکواس کے ان کو کچھ نہیں آتا، ان کو بتانا چاہتا ہوں ہم سب بھٹو لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ تحریک اںصاف کی حکومت نے پہلے سو دنوں نے کچھ نہیں کیا، دوسری جانب ہم نے سو دنوں کے اندر ہی بے نظیر انکم کارڈ غریبوں کو دیدیے تھے اور پرویز مشرف کو اقتدار سے ہٹا دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جتنے بھی ہیں ان کے لیے پیپلز پارٹی ہی کافی ہے، ہم نہیں ڈرتے پہلے بھی مقابلہ کیا، اب بھی کریں گے۔ میں اور بلاول کھڑے ہیں، مقابلہ کریں گے اور جواب دیں گے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ مجھے نام نہاد اور یکطرفہ احتساب سے نہیں ڈرا سکتے۔ ہم نے مشرف، سیف الرحمان، ضیا الحق اور ایوب خان کا احتساب بھی دیکھا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم عمران خان صوبوں کے وسائل پر وفاق کا قبضہ چاہتے ہیں، ہم پر دباؤ اس لیے ڈالا جا رہا ہے کہ ہم اٹھارویں ترامیم پر ان کا ساتھ دیں لیکن ہم شہیدوں کی قبروں کیساتھ غداری کبھی نہیں کریں گے۔