لاہور: (دنیا نیوز) مشیراطلاعات سندھ نے وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے احتساب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فاروق ایچ نائیک کے خلاف شہزاد اکبر کے پاس ثبوت ہیں تو پیش کریں، الزام تراشی نہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت پولیس ایکٹ 1861 چل رہا ہے، عوام کے مفاد کو مدنظر رکھ کر نیا قانون لایا جائے گا۔
کراچی میں پولیس اختیارات سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کے بعد مشیر اطلاعات سندھ مرتضٰی وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کمیٹی کا پہلا اجلاس تھا، پولیس کا بھی احتساب ہونا چاہیئے۔ اگر کوئی واقعہ ہوتا ہے تو اس کی ایف آئی آر نہیں کاٹی جاتی۔ سندھ کے عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون لایا جائے گا، سات دن کے اندر کوئی اچھا ڈرافٹ تیار کرلیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین مخالفت کرتے رہیں گے۔ ان کا کام ہی صرف یہی ہے۔ سندھ کی بہتری کے کام میں مخالفت چھوڑ دیں، تحریک انصاف کی حکومت اس طرح کی باتیں کرکے اصل مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتی ہیں۔ فاروق ایچ نائیک کے خلاف شہزاد اکبر کے پاس اگر شواہد ہیں تو عدالت میں پیش کریں، الزام نہ لگائیں۔ وفاقی حکومت پانچ ماہ میں عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔