پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ عوامی خدمات کی رسائی میں درپیش مسائل کا حل نکال رہے ہیں، صرف جلسوں اور اجلاسوں تک محدود نہں بلکہ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے عملی کام کررہے ہیں۔
وزیراعلی محمود خان نے پشاور میں ہوم ڈیلوری سروس کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آتے ہی خود کو احتساب کے لئے پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سُنا ہے کہ تحصیلدار انتقالات پر دستخط نہیں کررہے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کریں، پہلی دفعہ درخواست کرتا ہوں دوسری دفعہ کاروائی کرونگا۔ انھوں نے کہا کہ زمین کے انتقالات میں اب عوام کو آسانی ہو گی۔
تقریب سے خطاب میں ڈپٹی کمشنرعمران حامد شیخ نے کہا کہ عوام کو جائیداد کی گرداوری، انتقال فیس کا چالان اور جائیداد کی ملکیت اور ثبوت کی دستاویزات گھر پر ملیں گی۔ ڈاکخانہ کے ذریعے شہری اب خط بھیجیں گے اور دس دن میں انکو جواب دیا جائے گا۔ شہریوں کی ارسال کردہ درخواستیں گم ہونے کی صورت میں متعلقہ اہلکار کو ایک ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
ڈی سی نے کہا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے معلومات کے حصول جلد شروع کرینگے۔ شہریوں کو اب ڈومیسائل، زمین کے انتقالات و ملکیت، انتقالات کی فیس چالان، انتقالات کی تصدیق شدہ کاپی گھر بیٹھے ملیں گی۔