پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں انتظامی امور کے افسران کی کمی سنگین صورت اختیار کر گئی، متعدد آسامیوں پر ڈیپوٹیشن کے افسران تعینات، فاٹا اضلاع میں سرکاری امور نمٹانے میں مشکلات درپیش ہیں۔
خیبر پختونخوا میں سرکاری امور نمٹانے کے لئے انتظامی افسران کی کمی آڑے آ گئی۔ صوبے میں گریڈ 18 سے 21 تک 166 افسران کی کمی ہے۔ انتظامی افسران کی کمی کے باعث ایکس کیڈر افسران کو اضافی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں ہیں۔
انتظامی افسران نے بھی خالی اسامیوں پر دیگر محکموں سے ڈیپوٹیشن پر افسران کی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دے دیا جبکہ صوبائی حکومت نے بھی افسران کی کمی کا اعتراف کیا ہے۔ حکومتی ترجمان اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ افسران کی کمی کا مسئلہ وزیراعظم کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
صوبے میں ایک طرف افسران کی کمی کا سامنا ہے تو دوسری جانب شیڈول پوسٹوں 38 افسران خدمات انجام دے رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں انتطامی افسران کی کمی سے جہاں سرکاری امور متاثر ہو رہے، وہیں قبائلی اضلاع کے متعدد معاملات بھی رک گئے ہیں۔