پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے فاٹا انضمام کے لئے عملی اقدامات شروع کر دیئے۔ فاٹا سیکرٹریٹ ختم، تمام محکمے صوبائی حکومت میں ضم، حکومت اپریل تک فاٹا میں صوبائی انتخابات کیلئے تیار ہے۔
پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ فاٹا انضمام کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ہیں جس کے مطابق فاٹا میں حلقہ بندیوں کا کام 30 جنوری تک مکمل ہو جائے گا، اگلے سال اپریل تک فاٹا میں صوبائی حلقوں پر انتخابات کے لئے تیار ہیں، بلدیاتی اداروں کے لئے انفراسٹرکچر کی سمری بھی منظوری کے لئے بھیج دی ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ کا دائرہ فاٹا تک وسیع کیا جا رہا ہے، بیروزگاری کے خاتمے کے لئے ایک ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ سی پیک میں بھی فاٹا کے ہر ضلع کے لئے روزگار کا کوٹہ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کی اسلحہ کے صنعت کو فروغ دینے کے لئے جگہ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فاٹا میں تعلیمی اداروں اور صحت سہولیات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ہر تحصیل میں کھیلوں کا میدان بنانے سمیت کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔