پشاور(دنیا نیوز ) فاٹا کے خیبر پختونخواہ سے انضمام کی خوشی میں پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کی جانب سے سات (سابقہ ) ایجنسیز میں ایجوکیشن پروگرام کا آغاز کر دیا گیا،
پہلے مرحلے میں بیس ہزار سے زائد سکول بیگز طلبا کو گفٹ کیے گئے، زلمی فاؤنڈیشن اور ہائیر پاکستان نے فاٹا کے خیبر پختونخواہ سے انضمام کے پر مسرت موقع پر ان علاقوں میں ایجوکیشن پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں خیبر ایجنسی، مہمند، باجوڑ، کرم ایجنسی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اور اورکزئی میں سکول طلبا کو بیس ہزار سے زائد سکول بیگز گفٹ کیے گئے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں گراس روٹ لیول پر کھیل اور تعلیم کے شعبے میں بہتری اور فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ زلمی فاؤنڈیشن کے تحت ہائیر زلمی ہنڈرڈ پچز پروجیکٹ کے تحت خیبر پختونخوا میں گراس روٹ لیول پر سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ زلمی سکول لیگ کے ذریعے نوجوان کرکٹرز اور سکول طلبا کو ٹیلنٹ کے اظہار کا موقع دیا گیا۔ ایجوکیشن پروگرام کے تحت تعلیم کے شعبے میں بھی پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن اپنا کردار ادا کریں گے۔