پشاور: (دنیا نیوز) ٹرائبل یوتھ موومنٹ نے پندرہ نکاتی مطالبات کے حصول کے لیے پشاور صدر سے ریلی نکالی اور گورنر ہاؤس کے سامنے 5 گھنٹے دھرنا دیا۔
ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے زیر اہتمام فاٹا کے عوام کی بڑی تعداد نے قیوم سٹیڈیم صدر سے ریلی نکالی جو گورنر ہاؤس کے سامنے پہنچ کر دھرنے کی صورت اختیار کرگئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات پر فوری عمل درآمد کیا جائے، مظاہرین نے 5 گھنٹے تک گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا، جس کے بعد 10 رکنی وفد نے گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان سے مذاکرات کیے۔
گورنر کی جانب سے ایف ڈی ایم اے میں کرپشن کی انکوائری، فاٹا کے طالبعلموں کا کوٹہ دگنا کرنے اور فاٹا کے مختلف محکموں میں 7 ہزار آسامیوں پر فاٹا کے افراد کی بھرتیوں کا مطالبہ تسلیم کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے دیگر مطالبات کے لیے ٹاسک فورس کے قیام کی ہدایت کر دی، کامیاب مذاکرات کے بعد ٹرائبل یوتھ فورم نے دھرنا ختم کر دیا۔