اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ سے متعلق آئی جی خیبرپختونخوا کی رپورٹ مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے چیف سیکرٹری کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، آئی جی کے پی کے کی طرف سے رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سٹرائیک آپریشن، پولیس چیک پوسٹس کے قیام سمیت کئی اقدامات کئے گئے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ میں موثر اقدامات کا ذکر نہیں، دفتر میں بیٹھ کر بنائی جانے والی رپورٹ قبول نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لئے سنجیدہ اور موثر اقدامات کئے جائیں، عوام کے جان ومال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وکیل کے پی کے نے کہا کہ علاقے میں صورتحال بہت خراب ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ خراب صورتحال ہے تو اقدامات کیوں نہیں کئے جاتے، چیف سیکرٹری کے پی تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔