پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخو میں وزارتوں کا معاملہ حل نہ ہوسکا، ارکان اسمبلی کے اختلافات کے باعث حلف برداری تقریب دوسری بار ملتوی کر دی گئی، جنوبی اضلاع کے بعد نوشہرہ اور دیگراضلاع کے ایم پی ایز نے بھی کابینہ میں حصہ مانگ لیا۔
خیبرپختونخوا میں واضح اکثریت کے باوجود کابینہ کی تشکیل کسی بھی صورت مکمل نہیں ہو پا رہی، پہلے وزیراعلیٰ کے نام پر اختلاف اور اب وزارتوں پر کھنچا تانی کا سلسلہ چل پڑا ہے۔ ایک طرف جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے شاہ محمد خان وزارت نہ ملنے پر ناراض ہیں تو دوسری جانب پرویزخٹک بھی اپنے آبائی حلقے کو کوئی وزارت نہ دینے پر نا خوش ہیں۔
شاہ محمد نے پارٹی سے سینئر ہونے کے ناطے بڑی وزارت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پرویز خٹک بھی اپنے حلقے کے ایم پی ایز میاں جمشید الدین اور خلیق الزمان کو کابینہ کا حصہ بنانے کیلئے دوڑ دھوپ کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نوشہرہ اور بنوں کے بعد اپر دیر کے ایم پی ایز کی جانب سے بھی کابینہ کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کی گئی ہے۔ ہری پور سے تعلق رکھنے والے اکبر ایوب پارٹی فیصلے پر رضامند تو ہیں لیکن انہیں وزارت کون سی دی جائے گی اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہوسکا۔