کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں گزشتہ چند سالوں میں سیاحت بڑھنے سے آلودگی اور کچرا بڑھنے کی شکایات بھی بہت بڑھ گئی ہیں، سیاحتی مقامات پر آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی وزارتوں نے حکمت عملی ترتیب دے دی۔
کراچی میں سیاحت کے فروغ کے لیے سجائی گئی 3 روزہ عالمی نمائش میں پنجاب کے وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات پر آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے سیاحوں کو آگاہی دینے کے ساتھ قانون کو بھی سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر عاطف خان کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات پر آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو وزارت سیاحت کے ماتحت کیا جائیگا۔
ملک میں مقامی سیاحت گزشتہ سالوں میں تیزی سے پروان چڑھی ہے، جس کے بعد پُرفضا مقامات کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ جن کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات لینا ناگزیر ہوگیا ہے۔