مانسہرہ: (دنیا نیوز) مانسہرہ کے علاقے کاغان میں سکول میں کرنٹ لگنے سے ٹیچر اور 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کاغان کے علاقے کیوائی کے ایک نجی سکول میں حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچے اسمبلی کے دوران جھنڈا لہرا رہے تھے۔ لوہے کا پائپ بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، کرنٹ لگنے سے ٹیچر سفیر خان اور 3 بچے آصف، بلال اور نعمان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ افسوسناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔
ورثا نے لاشوں کا پوسٹمارٹم کرانے سے انکار کردیا جس پر پولیس نے ٹیچر اور تینوں بچوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کردیں۔