پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں نومولود بچے کی پراسرار گمشدگی، میڈیا کے پہنچنے پر بچہ مل گیا۔ انتظامیہ نے ایک بچی کے والدین کا غلطی سے بچے کو لے جانے کا دعویٰ کیا۔
پشاور کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں دوپہر کے وقت انکیوبیٹر سے ایک دن کا نومولود بچہ پراسرار طور پر غائب ہو گیا، بچے کے ماموں اجمل کی جانب سے شور شرابے اور میڈیا کے پہنچنے کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کی فوری تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ بچے کو ایک بچی کے والدین غلطی سے لے گئے تھے۔
ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے دونوں خاندانوں کے درمیان راضی نامہ کروا کر بچہ اصل والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ ترجمان ہسپتال کا کہنا تھا کہ اگر سٹاف غلطی کے مرتکب ہوئے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔