پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں ناقص کارکردگی کے حامل ہسپتالوں کو آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
صوبائی مشیر صحت احتشام علی کے مطابق ناقص کارکردگی والے ہسپتالوں کے انتظامی امور کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا، اس سلسلے میں ابتدائی طور پر 24 ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے، ان ہسپتالوں میں کٹیگری بی، سی اور ڈی لیول کے ہسپتال شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آؤٹ سورسنگ کا مقصد عوام کو سرکاری خرچے پر بہترین علاج فراہم کرنا ہے، ان ہسپتالوں میں معیاری اور مفت علاج سرکاری پرچی کے ریٹ پر مہیا کیا جائے گا، ہم ہسپتال پرائیویٹ نہیں کر رہے، بلکہ ان ہسپتالوں کا انتظام و انصرام نجی شعبے کو دے رہے ہیں۔
مشیر صحت کا کہنا تھا کہ ان ہسپتالوں کے سرکاری ملازمین اپنی روٹین کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں طبی عملے، آلات و دیگر کمی بیشی نجی کمپنیاں پوری کریں گی، اس اقدام سے بروقت او پی ڈی خدمات، سرکاری رویے، صفائی ستھرائی، طبی عملے کی حاضری اور آلات کی فعالی جیسے مسائل کا فوری خاتمہ ہوگا۔
احتشام علی نے کہا کہ نجی شعبے کی جانچ کیلئے محکمہ صحت کا آئی ایم یو ان ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کرے گا اور خراب کارکردگی پر ان کمپنیوں کے فنڈز سے کٹوتی کی جائے گی، ان ہسپتالوں میں عوامی شکایات کے ازالے کا بھرپور مکینزم ہوگا، اگلے مرحلے میں مزید ہسپتالوں کو بھی آوٹ سورس کیا جا رہا ہے۔