کے پی حکومت نے کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کر دی

Published On 10 September,2025 01:32 pm

پشاور: (عامر جمیل) خیبر پختونخوا حکومت نے مزدوروں کے لیے کم از کم اجرتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق نئی اجرتوں کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔

حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کم از کم اجرت کا اطلاق غیر ہنر مند، بالغ، نوعمر اور نو عمر مزدوروں پر ہوگا، جبکہ یومیہ اجرت 1,538 روپے 46 پیسے اور ماہانہ کم از کم اجرت 40,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق کم از کم اجرت کو کسی صورت میں زیادہ سے زیادہ اجرت نہ سمجھا جائے، بلکہ مالکان زیادہ ہنر یا تجربہ رکھنے والے مزدوروں کو اضافی اجرت دینے کے مجاز ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ قانون کنٹریکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں پر بھی لاگو ہوگا اور تمام صنعتی و تجارتی ادارے اس نئی کم از کم اجرت پالیسی پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے، خواتین اور خواجہ سراء مزدوروں کو بھی مردوں کے برابر اجرت دی جائے گی۔

یہ فیصلہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور معاشی بہتری کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔