پشاور ہائی کورٹ کا شام کی عدالتیں شروع کرنے کا فیصلہ

Published On 09 September,2025 12:11 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے عدالتی نظام میں اصلاحات کے تحت شام کی عدالتیں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس حوالے سے پشاور اور ایبٹ آباد کی سیشن کورٹس میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر دوسری شفٹ قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ہائیکورٹ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق پشاور اور ایبٹ آباد کے جوڈیشل افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، نئی شام کی عدالتوں کے اوقات کار دوپہر ڈھائی بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شام کی عدالتیں سول نوعیت کے کیسز بشمول رینٹ اور فیملی مقدمات کی سماعت کریں گی، اس کے علاوہ ان عدالتوں میں منشیات کے مقدمات میں نامزد خواتین اور نابالغ ملزمان کے کیسز بھی سنے جائیں گے، ساتھ ہی ایسے منشیات کیسز بھی زیر سماعت لائے جائیں گے جن میں سزائیں 7 سال سے کم ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو فوری انصاف فراہم کرنا اور عدالتوں پر کیسز کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔