اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کو متفقہ طور پر چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی چیئرپرسن منتخب کر لیا گیا ہے۔
پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں خورشید شاہ، محمد میاں سومرو، فخر امام، اعظم سواتی، وزیر بجلی عمر ایوب اور شیریں مزاری نے شرکت کی۔
چیئرمین کے انتخاب کے لیے محمد میاں سومرو نے شیریں مزاری کا نام تجویز کیا اور سید خورشید شاہ نے ان کی تائید کی۔ کسی رکن نے ان کے نام کی مخالفت نہیں کی۔
اپنے انتخاب کے بعد بات چیت کرتے ہوئے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ امید ہے ہم انتہائی قابل ممبران کا الیکشن کمیشن میں تقرر کرینگے۔ ممبران کی تقرری پارٹی سے بالاتر ہو کر کی جائے گی۔ ان کا کہناتھا کہ امید ہے کہ ہماری فیصلہ متفقہ ہوگا تا کہ آئندہ کسی الیکشن پر سوال نہ کیا جا سکے۔
اس موقع پر سید خورشید شاہ نے کہا کہ ایسے ممبران کی تقرری کی جانی چاہیے جس سے ملک میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی ہو سکے جبکہ اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ٹھیک ہوگا تو جمہوریت مضبوط ہوگی۔