لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں سردی کا راج برقرار ہے، میدانی علاقے آج بھی دھند کی لپیٹ میں رہے۔ خانیوال سے ملتان موٹروے ٹریفک کیلئے بند رہی۔ آج سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد میں صفر، لاہور تین اور کراچی میں پارہ 14 ریکارڈ کیا گیا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں خون جما دینے والی سردی پڑی، کئی مقامات پر پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا، کراچی میں بوندا باندی نے خنکی مزید بڑھا دی۔ ملک کے میدانی علاقے دھند میں ڈوبے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے خانیوال سے ملتان موٹروے ٹریفک کیلئے بند رہی، نیشنل ہائی وے پر گاڑیاں رینگ رینگ کرچلتی رہیں۔ ترجمان موٹر وے کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
ادھر موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم کراچی اور مکران ڈویژن میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
آج کم سے کم درجہ حرارت، سکردو میں منفی 16، کالام اور بگروٹ منفی 11، استور منفی 10، گوپس اور مالم جبہ منفی 09، قلات منفی 07، ہنزہ اور کوئٹہ منفی 05، مری منفی 04، گلگت راولاکوٹ اور دالبندین منفی 02، بونجی اور مظفرآباد میں منفی 01 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 00، لاہور 3، فیصل آباد 5، ملتان پشاور 2 اور کراچی میں 14ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔