ملک میں جاڑے کی دھوم، محکمہ موسمیات کی آج بارش کی پیش گوئی

Last Updated On 20 January,2019 01:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں جاڑے کی دھوم جاری، کوئٹہ میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ زیارت میں برفباری کے بعد وائٹ کارپٹ بچھ گیا۔ محکمہ موسمیات نے آج سے جمعرات تک کراچی، اسلام آباد، لاہور، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کر دی۔

ہرطرف سردی کے ڈیرے، کہیں رم جھم تو کہیں بادلوں کی آنکھ مچولی سے موسم حسین ہو گیا۔ کوئٹہ میں صبح کے وقت ہلکی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔

ہر منظر اجلا اجلا منظر نظر آنے لگا، چھٹی کا مزہ دوبالا ہو گیا، زیارت میں بھی برفباری کے بعد وائٹ کارپٹ بچھ گیا۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے ملک میں بارش کا نیاسسٹم داخل ہوگیا۔ قلات، سبی، نصیر آباد، ژوب، مکران ڈویژن میں آج بادل برسیں گے۔ لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالہ، ملتان، مالاکنڈ، ہزارہ، مر دان، ڈی آئی خان، میں بارش ہو گی، کراچی اور سکھر میں بھی رم جھم ہو گی جبکہ آزاد کشمیر، سوات، مالم جبہ، چترال، مری اور گلیات میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برفباری کا امکان ہے۔

آج کم سے کم درجہ حرارت استور میں منفی 10رہا جبکہ گوپس منفی 09، بگروٹ منفی 08، کالام منفی 07، اسکردو منفی 06، ہنزہ منفی 05، مالم جبہ منفی 03 اور راولاکوٹ میں منفی 01 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت پانچ، لاہور چھ، فیصل آباد چھ، ملتان آٹھ، کوئٹہ چھ، پشاور آٹھ اور کراچی میں تیرا ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔