لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر برقرار ہے، میدانی علاقے آج بھی دھند کی لپیٹ میں آئے، ملتان سے خانیوال، پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ اور پشاور سے رشکئی تک موٹروے ٹریفک کیلئے بند رہی۔ برفباری کے باعث، مری، گلیات، ایبٹ آباد جانے والے راستے بلاک ہو گئے، آج سب سے کم پارہ سکردو میں منفی آٹھ ریکارڈ کیا گیا۔
ہرطرف سردی ہی سردی، میدانی علاقے دھند میں دھندلائے رہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں کہر کا راج رہا۔ چیچہ وطنی، میاں چنوں، لودھراں، مسافر خانہ، بہاولپور، رحیم یار خان اور صادق آباد کے علاقے دھند میں غائب رہے۔
ملتان سے خانیوال، پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ اور پشاور سے رشکئی تک موٹر وے ٹریفک کیلئے بند رہی۔ ترجمان موٹر وے کی جانب سے شہریوں کو فوگ لائٹس استعمال کرنے اور غیر ضروری سفر سے گزیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
ادھر پہاڑوں پر برف، سفیدی ہی سفیدی چھائی ہے، ناران، کاغان، سوات، سکردو، لوئر دیر اور مری میں برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، چھٹی کے دن سیاحوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا۔
موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔ آج کم سے کم درجہ حرارت، اسکردو اور گوپس میں منفی 08 رہا جبکہ استور منفی 06، کالام، مالم جبہ، منفی05، ہنزہ منفی 04، قلات منفی 03 اور مری میں منفی 02 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 8،لاہور سات، فیصل آباد، 9، ملتان سات، پشاور 4 اور کراچی میں پندرہ ریکارڈ کیا گیا۔