اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے اکثر علاقوں میں ٹھنڈ کے ڈیرے ہیں، اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مظفرآباد اور راولاکوٹ میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ مری اور گلیات میں برفباری نے ایک بار پھر رنگ جما دیا۔
اسلام آباد میں بھی خوب بادل برسے جس سے موسم مزید حسین ہوگیا، بارش کے باعث خنکی بھی بڑھ گئی۔ ایبٹ آباد، مانسہرہ، مظفر آباد اور راولاکوٹ میں بادل چھم چھم کر برسے جس نے سردی مزید بڑھا دی۔ اٹک، رحیم یار خان، بہاولنگر اور کوہلو میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سکھر سمیت سندھ کے بعض شہروں میں بھی رم جھم ہوئی اور موسم سہانا ہوگیا۔
پہاڑوں پر آسمان سے روئی کے برستے گالوں نے ہر چیز کو دلکش بنا دیا۔ ٹھنڈیانی، ناران، کاغان، وادی نیلم، سکردو، گلگت، ہنزہ، چترال اور سوات میں
برفباری ہوئی۔ مری اور گلیات میں ایک بار پھر ہونیوالی برفباری نے پارہ گرا دیا، سخت سردی کے باوجود سیاحوں نے خوب موج مستی کی۔
موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، پشاور، مردان، گلگت بلتستان، کشمیر میں چند مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے۔ آج سب سے کم درجہ حرارت بگروٹ میں منفی 09 رہا جبکہ سکردو، استور منفی 08، کالام، ہنزہ منفی 06، مالم جبہ منفی 05، پارہ چنار منفی 04، مری 03، گلگت منفی 02، قلات میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 3، لاہور 7، فیصل آباد، 6، ملتان 10، پشاور 4 اور کراچی میں 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔