اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر شہروں میں بارش کے بعد موسم حسین ہوگیا، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، سرگودھا، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں بارش نے سردی بڑھا دی، گلیات، سوات، شوگران، ناران، بابوسر ٹاپ اور لوئر دیر میں آسمان سے روئی کے گالے زمین پر اتر آئے۔
ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم نے موسم حسین بنا دیا، باغوں کے شہر میں سرمئی بادلوں کے ڈیرے ہیں، ہلکی بارش کے بعد موسم بھی سہانا ہے، ہر چیز نکھری نکھری سی ہے، ہر منظر دلکش ہے۔ شیخوپورہ، اوکاڑہ، سرگودھا، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسے جس سے خنکی میں اضافہ ہوگیا۔
مری میں آسمان سے برستی چاندی نے وادی کا حسن مزید نکھار دیا، برفباری کے ساتھ سیاحوں نے تفریح کا پروگرام بنالیا۔ شمالی علاقہ جات میں بھی پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، گلیات، شگر سوات، شوگران، ناران، بابوسر ٹاپ اور لوئر دیر میں بھی برفباری کے بعد حسین نظارے ہیں۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے اکثر علاقوں میں بارش کا سلسلہ ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ کراچی والوں کے لیے بھی اچھی خبر ہے، آج مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوگی جس سے سردی کی شدت میں اضافے کی توقع ہے۔
آج کم سے کم درجہ حرارت سکردو، کالام میں منفی 09، استور منفی 08، ہنزہ منفی 07، گلگت، مالم جبہ منفی 04، راولاکوٹ منفی 03، مری منفی 02 اور کوئٹہ میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسلام آباد میں 2، لاہور 5، فیصل آباد 5، ملتان 7، پشاور 2 اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔