شدید سردی میں‌ دھند کے ڈیرے، موٹروے سیکشن بند رہنے سے ٹریفک متاثر رہی

Last Updated On 06 January,2019 04:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کے ڈیرے ہیں، میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھائی رہی، موٹر وے پر حد نگاہ کم ہونے سے ایم ون پشاورسے رشکئی تک بند رہی جس سے ٹریفک کا بہاو متاثر رہا. دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج پشاور، کوہاٹ، مردان، لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

بارش کے بعد ہر طرف ٹھنڈ ہی ٹھنڈ، میدانی علاقوں میں دھند نے ہرچیز کو دھندلا دیا. دھند کے باعث بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، ایم ون پشاورسے رشکئی تک موٹر وے بند رہا، موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیرضروری سفرسے گریزکی ہدایت بھی کی گئی۔

گذشتہ روز پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس سے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، ناران، کاغان، سکردو، گلگت، مظفرآباد اور مری میں بارش اور برفباری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے آج پشاور، کوہاٹ، مردان، لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن میں چند مقامات پر باد ل برسیں گے۔ استور، سکردو میں درجہ حرارت منفی آٹھ، بگروٹ میں منفی سات، ہنزہ، گلگت منفی چھ ، مالم جبہ منفی تین، گلگت منفی دو اور مری میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔

آج اسلام آباد میں نو، لاہور پانچ، فیصل آباد 9، ملتان 8، پشاور7، کوئٹہ دو اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔