پنجاب کےمیدانی علاقےشدید دھند کی لپیٹ میں، ملتان خانیوال موٹروے بند

Last Updated On 04 January,2019 10:12 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، میدانی علاقوں کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث ٹریفک روانی شدید متاثر ہوئی، ملتان خانیوال موٹروے بند کر دیا گیا. آج لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، اور کوئٹہ سمیت چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ چچہ وطنی، میاں چنوں، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ سمیت دیگر علاقوں میں دھند چھائی رہی۔ ملتان، خانیوال موٹروے کو شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو فوگ لائٹس کے استعمال کرنے اور غیرضروری سفر سے گریز کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج، مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے جبکہ  لاہور، پشاور، کوہاٹ، مردان، کوئٹہ، ژوب، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ ڈویژن میں بھی چند مقامات پر بادل برسیں گے، پہاڑوں پر بھی برفباری کا امکان ہے۔

سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی گیارہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سکردو منفی 10، استور منفی 7، مالم جبہ، ہنزہ منفی 4 اور قلات میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں ایک، لاہور3، فیصل آباد4، ملتان 6، پشاور3، کوئٹہ صفر اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔