لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں سردی کا راج برقرار ہے، پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھائی رہی۔ ملتان، خانیوال موٹر وے ٹریفک کیلئے بند رہی۔ سکردو میں پارہ منفی دس تک گر گیا۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آج اور کل اسلام آباد، لاہور، سرگودھا، پشاور اور میں بادل برسیں گے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں کڑاکے کی سردی، دھند کے باعث کئی علاقے دھند لائے رہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند نے اپنی لپیٹ میں لئے رکھا۔
لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، چشتیاں، لوھراں اور بہاولپور کے علاقوں میں دھند چھائی رہی۔ خانیوال سے ملتان تک موٹروے دھند کے باعث بند رہی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شہری گاڑیوں پر فوگ لائٹس استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ دوسری طرف موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آج اور کل لاہور سرگودھا، گوجرانوالہ، اسلام آباد، کوئٹہ، ژوب، پشاور اور مردان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ جمعہ سے اتوار کے دوران بھی ان علاقوں میں بادل برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی دس، گوپس منفی نو، استور منفی چھ، کالام منفی پانچ، گلگت منفی تین، کوئٹہ اور قلات میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسلام آباد ایک، پشاور صفر، لاہور تین، فیصل آباد چار، ملتان پانچ اور کراچی میں گیارہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔