ملک کے بیشترعلاقے سخت سردی کی لپیٹ میں

Last Updated On 27 December,2018 05:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سب سے زیادہ سردی قلات میں پڑی جہاں پارہ منفی گیارہ تک جا پہنچا، پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقے صبح سویرے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، بعض مقامات پر حد نگاہ صفر رہی۔

کڑاکے کی سردی، دھند بھی اندھا دھند، معمولات زندگی منجمد، پنجاب کے میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر حد نگاہ صفر رہی۔ دھند کے باعث کہیں گاڑیوں کی لمبی قطاریں اور کہیں حادثات رونما ہوئے۔ ڈیرہ غازی خان میں جام پور روڈ پر کار ٹریلر سے ٹکرا گئی، حادثے میں 4 افراد جاں سے گئے۔

لاہور میں صبح کے وقت حد نگاہ 50 میٹر رہی۔ پھول نگر، جمبر، پتوکی اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور میاں چنوں کے علاقوں میں بھی دھند کا راج رہا۔

موسم کی تازہ صورتحال کے مطابق ملک کے بالائی علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ سب سے زیادہ سردی قلات میں پڑی جہاں پارہ منفی گیارہ تک جا پہنچا۔

استور میں درجہ حرارت منفی 08، گلگت منفی 04، کوئٹہ منفی 05، مالم جبہ منفی چار اور چترال میں منفی تین ریکارڈ کیا گیا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں درجہ حرات نقطہ انجماد سے گر گیا۔ لاہور، فیصل آباد میں 2، ملتان 3 اور کراچی میں درجہ حرارت 12 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔