ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند

Last Updated On 16 December,2018 06:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کا ایکشن جاری ہے۔ کالام میں درجہ حرارت منفی نو تک گر گیا، کراچی میں بھی کوئٹہ کی ہواؤں نے اثر دکھا دیا، پنجاب کے میدانی علاقے آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔

ملک بھر میں جاڑا دھوم مچانے لگا، دھند نے بھی ڈیرے جما لئے۔ پہاڑوں پر برفباری کے بعد ملک میں موسم تیزی سے سرد ہو رہا ہے۔ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم ہے۔

کالام میں درجہ حرارت منفی نو تک گر گیا، استور میں منفی آٹھ، کوئٹہ میں منفی چھ، قلات منفی پانچ، دیر منفی چار اور مالم جبہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی تین ریکارڈ کیا گیا۔

کوئٹہ کی ہواؤں کے باعث کراچی بھی سردی کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرات بارہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد دو، لاہور پانچ، فیصل آباد چار، ملتان چھ اور پشاور میں پارہ 2 رہا۔

دوسری پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت شدید دھند رہی۔ خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور اور احمد پور شرقیہ کے علاقے دھندلائے رہے۔

حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کئی مقامات پر بند رہی۔ موٹر پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئیں۔