اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر حصوں میں دھند نے ڈیرے ڈال لئے، قومی شاہراہوں پر شدید دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم رہی، خانیوال، ملتان، لودہراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔
لاہور اور اس کے مضافات میں علی الصبح ہر چیز دھند میں لپٹی نظر آئی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق خانیوال، ملتان، لودہراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، تر نڈہ محمد پناہ شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ شدید دھند اور حد نگاہ 40 میٹر رہ جانے کے بعد خانیوال ملتان موٹروے کو بند کرنا پڑا۔ موٹروے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ دوران سفر فوگ لائٹس استعمال کی جائیں۔
جھنگ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، گوجرہ شہر اور گردونواح میں حد نگاہ انتہائی کم رہی، کلور کوٹ اور گردونواح میں دھند کے باعث حد نگاہ 50 میٹر رہ گئی۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ کسی مشکل صورتحال میں شہری ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔