لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں انفیکشنز اور ہیپاٹائٹس پھیلنے کا سبب غیر ضروری انجکشنز قرار دے دیا گیا۔ ماہرین نے خبر دار کیا ہے کہ 95 فیصد بیماریوں کا بغیر انجکشنز علاج ممکن ہے، غیر ضروری انجکشن جان لیوا انفیکشنز، مستقل معذوری، اموات اور ہیپاٹائٹس کا سبب بنتے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں لگائے جانے والے 90 فیصد انجکشنز غیر ضروری ہوتے ہیں جن کی وجہ سے جان لیوا انفکشنز اور ہیپاٹائٹس بی اور سی پھیل رہا ہے، انجکشن کا غیر ضروری استعمال مستقل معذوری، اموات، انفیکشنز اور جگر کی بیماریوں کا سبب بن رہا ہے۔
غیر ضروری انجکشن کے سبب گیس گینگرین انفیکشن ہوتا ہے۔ امریکہ میں اس کا آخری کیس 1965 میں رپورٹ ہوا، آغا خان ہسپتال میں اس سال اس جان لیوا انفیکشن کے 6 کیس رپورٹ ہوئے، سرکاری ہسپتالوں کی صورتحال اس سے زیادہ خطرناک ہے۔
پاکستان دنیا کے ان 4 ممالک میں شامل ہے جہاں ہیپاٹائٹس کی شرح بڑھ رہی ہے، غیر ضروری انجکشنز کی روک تھام سے معیشت پر بھی فرق پڑے گا۔