مرکز کے بعد پنجاب میں بھی پی اے سی کا معاملہ طے ہونے کا امکان

Last Updated On 14 December,2018 01:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مرکز میں معاملات طے ہونے کے بعد پنجاب میں بھی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کا معاملہ طے ہونے کا امکان بڑھنے لگا، حکومت اور اپوزیشن کے دوبارہ رابطے شروع ہو گئے، اسپیکر پنجاب اسمبلی کو بھی پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار دینے اور ترمیم کرنے کیلئے وزیر قانون راجہ بشارت کی نگرانی میں کمیٹی قائم کر دی گئی۔

اپوزیشن نے احتجاج کیا تو حکومت نے ترمیم کا اعلان کر دیا، پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا سپیکر کو اختیار دینے کے لئے ترامیم کے حوالے سے کمیٹی قائم کر دی گئی۔ وزارت قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں 3 تحریک انصاف، 2 مسلمُ لیگ ن ایک پیپلزپارٹی اور ایک راہ حق پارٹ کا ممبر نامزد ہوگا، کمیٹی اسمبلی ترامیم کے لئے سفارشات مرتب کرے گی۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چئیرمین کے معاملے پر بھی مرکزی کے بعد پنجاب میں بھی معاملات طے ہونے کی امید سامنے آ گئی، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطے ہوئے جس میں مرکز جیسے فارمولے پر غور کیا گیا۔ میڈیا ٹاک میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار جو فیصلہ کریں گے اس پر عمل ہو جائے گا۔

حمزہ شہباز کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے بھی مطالبہ کیا کہ خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں اس پر رولز میں ترمیم کی جائے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی مرکز میں چئیرمین شپ اپوزیشن لیڈر کو دینے کا ن لیگ نے خیر مقدم کیا۔