لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے ن لیگ کو نیب لیگ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا خواجہ برادران سالگرہ منانے نیب نہیں گئے کہ انہیں ناشتے میں انڈے آملیٹ دئیے جائیں، بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو بھی کہہ دیا کہ انہیں نیب کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔
وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خواجہ برادران ناشتہ اور انڈے آملیٹ نہ ملنے پر ایسے چیخ رہے ہیں جیسے نیب میں سالگرہ منانے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اب نیب لیگ بن چکی ہے، نیب جب ضروری سمجھے گی تو حمزہ شہباز شریف کو بھی گرفتار کر لے گی۔
فیاض الحسن چوہان نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو بھی مشورہ دے دیا۔ حمزہ شہباز کے اسمبلی آنے پر فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز تو لندن فرار ہورہے تھے، ناکامی پر اسمبلی آئے ہیں۔ انہوں نے کہا تین مرتبہ ن لیگ کو موقع ملا مگر پروڈکشن آرڈر سے متعلق قانون پاس نہیں کیا، نون لیگ نے منافقانہ طرز عمل اختیار کیا۔