لاہور: (دنیا نیوز) لاہورہائیکورٹ نے گورنر ہاؤس کی دیواریں مسمار کرنے کے حکم امتناعی میں 15 جنوری تک توسیع کر دی۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو جواب داخل کرنے کا آخری موقع دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں گورنر ہاؤس کی دیواریں مسمار کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران وفاقی حکومت و پنجاب حکومت کے وکلاء نے جواب داخل کرنے کیلئے مزید مہلت کی استدعا کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ نقشہ منظور کرائے بغیر دیوار کو کیسے گرانا شروع کیا جس پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ اعلٰی سطحی کمیٹی کی ہدایت پر دیوار کی مسماری شروع کی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہاں گورنر ہاؤس کی دیواریں گرائی جا رہی ہیں ایل ڈی اے کیا کر رہا ہے، گورنرہاؤس کی عمارت کس ادارے کی نگرانی میں ہے۔ ایل ڈی اے کے وکیل نے بتایا کہ تاریخی عمارتیں قومی تاریخی ورثہ کمیٹی کی زیر نگرانی ہیں، ایل ڈی اے اس کمیٹی کا ممبر ہے، ڈیزائن میں تبدیلی اس کا اختیار نہیں۔
عدالت نے برہمی کا اظہار کیا کہ ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ گورنر ہاؤس کی عمارت کس ادارے کی نگرانی میں آتا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ اب کیس کی سماعت اگلے برس ہو گی۔