اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند اندھا دھند چھاگئی، بیشتر مقامات پر حد نگاہ صفر رہی، ملتان سے خانیوال اور پشاور سے رشکئی تک موٹر وے کو بند کر دیا گیا، مختلف حادثات میں 28 افراد زخمی ہوگئے۔
ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی اور میاں چنوں سمیت دیگر میدانی علاقوں میں دھند کے باعث معمولات زندگی متاثر نظر آئے، ملتان سے خانیوال اور پشاور سے رشکئی تک موٹر وے کو بند کر دیا گیا۔ ترجمان موٹر وے کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور فوگ لائٹس کا استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی گئیں۔
دھند کے باعث بعض مقامات پر حادثات بھی پیش آئے، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کمالیہ پیر محل روڈ پر وین ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 20 سے زائد مسافر زخمی ہوئے۔ رحیم یارخان میں دھند کے باعث دو موٹر سائیکلوں کی ٹکر ہوئی۔ حادثے میں 5 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کروڑ لعل عیسن میں ٹرک مینار سے ٹکرا گیا، جس سے ڈرائیور سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے پنجاب میں دھند کا سلسلہ آئندہ تین سے چار روز تک جاری رہے گا۔