لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کا راج برقرار، کل سے پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے اکثر علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
شدید سردی نے ملک میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ سکردو اور کالام سرد ترین مقام رہے جہاں پارہ منفی دس ڈگری تک گر گیا۔ استور میں منفی سات، ہنزہ، مالم جبہ میں منفی پانچ، قلات منفی چار، مری میں منفی تین درجے سردی پڑی۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے جمعرات سے ہفتہ کے دوران اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، پشاور، مردان، کوئٹہ اور گلگت بلتستان میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کی توقع ہے۔